Tuesday, August 6, 2013

عیدالفطر اور دہشت گردی کے خطرات


عیدالفطر اور دہشت گردی کے خطرات


سخت مہنگائی کے باوجود شہری اپنی گنجائش کے مطابق عید کی تیاریوں میں مصروف ہیں لیکن ملک میں دہشت گردی کا دور دورہ ہے اور بعض اطلاعات کے مطابق عید کے موقع پر دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں۔ دہشت گرد، جدید تیکنیک سے آراستہ اور بھرپور تیاریوں کے ساتھحملہ آور ہوتے ہیں اور ہمارے ادارے پیشگی اطلاعات کے باوجود کچھ نہیں کر پاتے۔ ہمارے اداروں کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے اپنے آپریشنل اسٹرکچر کو تبدیل کرنا ہوگا۔ اطلاعات کے تبادلے اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ساتھ افرادی قوت کو بھی بڑھانا اور گراس روٹ لیول پر مخبری کا نظام مضبوط بنانا ہو گا۔ فی الحال امن و امان کی صورتحال دہشتگردی کے واقعات اور سنگین جرائم میں گرفتار ملزمان سے کی جانے والی تفتیش کو سامنے رکھتے ہوئے عیدالفطر کے لئے غیرمعمولی و ٹھوس لائحہ عمل پر مشتمل سیکورٹی پلان تیار کرنے کی ضرورت ہے جس میں مضبوط و مربوط خفیہ نیٹ ورک، انٹیلی جینس کلیکشن، صوبائی اور وفاقی انٹیلی جینس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے معلومات کی شیئرنگ کو خاص اہمیت دی جائے ۔ پولیس رینج/ زون/اضلاع کے لحاظ سے مساجد، امام بارگاہوں، عیدگاہوں، شاپنگ سینٹرز، مارکیٹوں اور پبلک تفریحی مقامات پر پولیس کی تعیناتی یقینی بنائی جائے۔ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ کی بروقت روک تھام اور مشکوک سرگرمیوں کے موثر سدباب کیلئے مرکزی عیدگاہوں، مساجد، امام بارگاہوں و دیگر مقامی پر ٹیکنیکل سوئپنگ، کلیئرنس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ ملک میں رونما ہونے والے حالیہ سنگین واقعات کے بعدبد قسمتی سے عوام کا انتظامیہ پر سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے۔حالیہ رونما ہو نے والے کئی سنگین واقعات نے اپنے پیچھے کئی تشویشناک سوالات چھوڑے ہیں۔ ایسی صورتحال میں انتظامیہ کے ان بیانات پر یقین کرنا تو مشکل ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے موثر لائحہ عمل اورٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن ہم اس پر یقین کرنے کے علاوہ کچھ اورکر بھی نہیں سکتے۔ عوام بے کس ،مجبور اور دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہیں۔لیکن دہشت گردوں کے آگے بے بس ہونے کے بجائے قوم چاہتی ہے کہ قانون نافذکرنے والے ادارے دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ڈٹ جائیں اور شہریوں کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنائیں۔ ہماری تو یہی دعا ہے کہ اللہ سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور ہم سب عید کے ایام خوشیاں مناتے گزاریں۔ آمین۔ 

No comments:

Post a Comment